اتفاق شوگر ملز کیخلاف کیس کی سماعت 16اپریل تک ملتوی
لاہور(نامہ نگار)بینکنگ جرائم عدالت نے اتفاق شوگر ملز کے خلاف بینک کا قرض اور رہن شدہ چینی فروخت کرنے کے کیس کی سماعت 16اپریل تک ملتوی کردی،بینکنگ جرائم کورٹ نمبر دو کے جج اسلم گوندل نے کیس کی سماعت کی دوران سماعت عدالت نے ملزمان کی حاضری معافی سے متعلق ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کی کاپی پیش کرنے کا حکم بھی دیا اتفاق شوگر مل اور کشمیر ملز مالکان پر چینی کی گروی بوریاں فروخت کرنے کا الزام ہے، نواز شریف کے کزن زائد شفی اورجاوید شفیع سمیت دیگر ملزمان نے حاضری معافی کی درخواست دائر کر رکھی ہے ،نجی بینک نے اتفاق شوگر ملز اور کشمیر شوگر ملز کا کروڑوں کا قرض واپس نہ کرنے پر استغاثہ دائر کر رکھا ہے،جس میں موقف اختیارکیا گیاہے کہ شوگر ملز مالکان نے گروی چینی سٹاک سے دو لاکھ سے زائد بوریاں فروخت کیں، ملزمان نے بینک کا قرض ادا نہ کیا اور گروی چینی بھی فروخت کر دی،یادرہے کہ اس کیس میں شریک ملزم میاں نواز شریف کے کزن طارق شفیع انتقال کر چکے ہیں۔