شالیمار کالج میں تین روزہ سپورٹس فیسٹیول،طلبہ نے بھرپور حصہ لیا
لاہور(سٹی رپورٹر) شالیمار گریجویٹ کالج میں تین روزہ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء و طالبات نے مختلف کھیلوں میں بھرپور حصہ لیا اور ٹیبلو بھی پیش کیے۔اس موقع پر طالبات کے لیے خصوصی کلچرل اینڈ سپورٹس ڈے بھی مختص کیا گیا۔پرنسپل ڈاکٹر نعیم جاوید کی خصوصی ہدایت پر سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کے لیے ایک خصوصی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں پروفیسر ڈاکٹر سید عنصر اظہر، پروفیسر نعیم گھمن، پروفیسر میمونہ یاسین، ڈاکٹر سمیرا عمر سمیت شعبہ سپورٹس کے روح رواں وقاص اکبر اور کیئر ٹیکر ملک ٹیپو شامل تھے۔ آرگنائزنگ کمیٹی نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سر انجام دیں۔ پرنسپل ڈاکٹر نعیم جاوید اور شعبہ سپورٹس کے چیئرمین پروفیسر خضر حیات سہ روزہ فیسٹیول کے مہمانان خصوصی تھے۔پہلے روز فیسٹیول کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا اور اس کے بعد محمد اعجاز کے زیر تربیت دیباٹہ ایکسرسائز کی گئی۔ اس کے بعد ریس کے مقابلے ہوئے فیسٹیول کے دوسرے روز بھی طالبات کے لیے مختص کلچرل ڈے میں مختلف کھیلوں کے مظاہرے کیے گئے جس میں ریس، لانگ جمپ، میوزیکل چیئر، سیک ریس، چاٹی ریس، سپون ریس، گولہ اور نیزہ بازی کے مقابلے ہوئے۔ تیسرے اور آخری روز سپورٹس فیسٹیول کا آغاز تلاوت کلام پاک کے بعد 50 میٹر ریس سے شروع ہوا۔ اس روز بھی مہمان خصوصی پرنسپل ہی تھے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر نعیم جاوید نے کہاکہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں طلباء و طالبات کی صلاحیتیوں کو نکھارنے میں انتہائی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ صوبائی حکومت کی ہدایت پر سالانہ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد انتہائی مثبت اقدام ہے۔ شالیمار گریجویٹ کالج میں سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر اساتذہ، ملازمین اور طلباء و طالبات کو خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے کالج کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ آخر میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نعیم جاوید نے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں انعامات اور اساتذہ، آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران سمیت ملازمین میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔