پنجاب پیرا میڈیکس کے سروسز ہسپتال انتظامیہ کیساتھ مذاکرات کامیاب

پنجاب پیرا میڈیکس کے سروسز ہسپتال انتظامیہ کیساتھ مذاکرات کامیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے سروسز ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج موخر کر دیا۔ پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے مطالبات کیلئے 19مارچ بروز ہفتہ کو احتجاج کی کال دی تھی۔ ضلعی صدر محمد ارشد بٹ اور یونٹ سروسز ہسپتال کے صدر مہر اویس نے کہا ہے کہ حکومت اور ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق ورک چارج اور ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں بقایا جات کے ساتھ نہیں بڑھائی گئیں اور نہ ہی ان ملازمین کو ریگولرکیا گیا۔ ملازمین کو انکے حقوق نہ ملنے پر مجبور ہو کر احتجاج کی کال دی تھی۔ پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی نے مذاکرات کے دوران یقین دہانی کروائی کہ مطالبات اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جس پر گزشتہ روز ہونے والے احتجاج کو موخر کر دیا گیا۔ضلعی صدر محمد ارشد بٹ اور مہر اویس نے کہا کہ اگر ہسپتال انتظامیہ نے چند روز میں مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا تو پھر دوبارہ احتجاج کی کال دی جائے گی۔ مذاکراتی اجلاس میں ارشد محمود، بابر گل، فیصل جارج، مرزا شہباز، خالد اعمانیول، رفیق مسیح، لیاقت مغل و دیگر بھی موجود تھے۔