عمران خان وزیر اعظم کے منصب کا اخلاقی،قانونی اور آئینی جواز کھوچکے:مریم نواز
لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ وزیراعظم کے منصب کا اخلاقی، قانونی اور آئینی جواز کھو چکے ہو، ہفتہ کو ٹوئٹر بیان میں مریم نواز نے لکھا کہ عوامی نمائندوں کے سامنے دو راستے ہیں، پہلا یہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، دوسرا یہ آپ کی ڈوبتی کشتی میں غرق ہو کر رسوائی اور بدنامی کی تاریخ کا حصہ بن جائیں، دوسروں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے سے پہلے، اس شوکاز نوٹس کا جواب دو جو پوری قوم نے آپ کو دے رکھا ہے۔مریم نواز نے لکھا کہ آپ نے پورے پاکستان کو غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی میں دھکیل کر اپنی جماعت کے کس رکن کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ عوام کا سامنا کرے؟، آپ ایک بوجھ ہیں جو اب کوئی نہیں اٹھا سکتا۔نائب صدر (ن) لیگ نے لکھا کہ اگر بقول آپکے چودہ اراکان آپ کے ساتھ چھوڑ گئے ہیں اور آپ نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ 342کے ایوان میں 165ارکان آپکے ساتھ رہ گئے ہیں۔ گویا آپ اکثریت کھو چکے ہو۔ آپ وزیراعظم کے منصب کا اخلاقی، قانونی اور آئینی جواز کھو چکے ہو۔اب اقتدار سے چپکے رہنے کا کیا فائدہ ہے۔
مریم نواز