7منحرف ارکان واپس آگئے،عمران خان کو دھوکہ دینے والے بے آبرو ہوگا:فواد چودھری
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو دھوکہ دینے والا بے آبرو ہوگا، اس کی ٹکے کی عزت نہیں رہے گی، تمام ادارے ایک پیج پر ہیں،جس طرح ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنی پانچ سالہ مدت پوری کی، اسی طرح پی ٹی آئی کی حکومت کو بھی اپنی مدت پوری کرنی چاہئے، سازشوں سے عمران خان کو نہیں ہٹایا جا سکتا، عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کرتے ہیں، سندھ ہاؤس میں لوگوں کو بند کر کے رکھا گیا ہے، فون آ رہے ہیں کہ ہمیں باہر نکلنے نہیں دیا جا رہا،ہمارا کہنا ہے کہ یہ پہلے مستعفی ہوں، پھر اپنے حلقوں میں جا کر الیکشن لڑیں اور جیت کر آئیں اور پھر جسے چاہے ووٹ دیں،ہفتہ کو فارن آفس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ کسی کو دھوکہ دینا نامناسب ہے، جس طریقے سے لوگ گئے ہیں ان پر عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ایسا نہیں ہونا چاہئے،توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے، ہم یہ نہیں کہتے کہ یہ لوگ لازما عمران خان کو ووٹ دیں، ہمارا کہنا ہے کہ یہ پہلے مستعفی ہوں، پھر اپنے حلقوں میں جا کر الیکشن لڑیں اور جیت کر آئیں اور پھر جسے چاہے ووٹ دیں، فواد چوہدری نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ یہ لوگ عمران خان کے نام پر اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتیں اور اس کے بعد لوٹے بن جائیں اور پیسے لے کر اپنے آپ کو بیچنا شروع کر دیں، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارا معاشرہ اور سیاست اس کی اجازت نہیں دیتے، انہوں نے کہاکہ پوزیشن کی خواہش ہے کہ عمران خان بلیک میل ہو جائیں گے تو ایسا ہر گز نہیں ہوگا، مسائل پر بات چیت ہونی چاہئے، پہلے بھی کہا تھا کہ تلخیاں اتنی پیدا نہ کریں کہ آپس میں مل بیٹھنا ہی مشکل ہو جائے، فواد چوہدری نے کہاہے کہ ملک چلانا مشکل ہے،اگر 24 گھنٹے کیلئے ملک کا وزیر اعظم بنا تو کچھ بھی نہیں کرسکوں گا،پاکستان میں پاور سینٹر بہت زیادہ ہیں، پانچ چھ پاور سینٹر ہیں اور کسی کو نہیں پتا کہ اس نے کرنا کیا ہے،شہباز شریف زیادہ سے زیادہ چھوٹے ڈان بن سکتے ہیں وزیراعظم نہیں بن سکتے۔فواد چوہدری نے غیر ملکی میڈیا کوایک انٹرویو دیا جس میں میزبان نے ان سے کئی سیاسی سوالات کئے۔ فواد چوہدری نے ایک سوال پر کہا کہ یہ ملک چلانا بہت مشکل ہے، 24 گھنٹوں میں کچھ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا ایک گروپ بنا لیں اور اس کا نام ’چھوٹا ڈان گروپ‘ رکھ لیں، شہباز شریف زیادہ سے زیادہ چھوٹے ڈان بن سکتے ہیں وزیراعظم نہیں بن سکتے۔مریم نواز کو فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ گھر پر آرام سکون کریں کیونکہ ابھی آپ کا وقت نہیں آیا۔وفاقی وزیر نے آخری پاکستانی فلم دیکھنے سے متعلق سوال کے جواب میں بتایا کہ آخری فلم انہوں نے ’کھیل کھیل میں‘ دیکھی تھی۔ انہوں نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت شاندار فلم ہے باقی سب کو بھی لازماً دیکھنی چاہیے۔این این آئی کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ منحرف ہونے والے 7 اراکین ہمارے پاس واپس آگئے ہیں اور اتحادیوں سے بھی ہمیں امید ہے کہ ان کا بھی فیصلہ چند دن یا 24 گھنٹوں میں ہی آجائے گا،شطرنج بھی ہمارے پاس، چالیں اور مستقبل بھی ہمارے پاس ہیں، یہ لوگ بادشاہ کو گرانے نکلے تھے لیکن انہیں پتہ نہیں تھا کہ راستے میں کتنی مشکلات آئیں گی، یہ عمران خان کی مقبولیت نہیں جانتے تھے، چند لوگوں کی باتوں میں آ کر یہ سمجھ بیٹھے کہ شاید عمران خان کی مقبولیت کم ہو گئی ہے، ضمیر فروشوں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، ہم نے انہیں سات دن دیئے ہیں وہ واپس آ سکتے ہیں، جن لوگوں کا عمران خان کے ساتھ گذارا نہیں اور ان کے پیٹ میں درد ہے تو ہم انہیں دوائی دینے کو تیار ہیں، عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں اور تحریک انصاف کے بغیر پاکستان کی حکومت مکمل نہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں کل پرامن احتجاج کے لئے جو لوگ نکلے وہ پاکستان کے ہیرو ہیں، ہمیں اچھائی اور بدی میں فرق کرنا ہے، امر بالمعروف و نہی عن المنکر ہماری سوسائٹی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک جلسے کا تھیم ''امر بالمعروف'' ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمیر فروشوں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، ہم نے انہیں سات دن دیئے ہیں وہ واپس آ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک صاحب کے بھائی کا فون آیا اور کہا کہ ان کے بھائی کی حرکت پر ہمارا خاندان شرمندہ ہے۔
فواد چودھری