جنوبی وزیرستان،شدید بارشوں اور ژالہ باری سے کھڑی تیار فصلیں تباہ
ٹانک(نمائندہ خصوصی)جنوبی وزیرستان، شدید بارشوں اور ژالہ باری سے کھڑی تیار فصلیں تباہ، میوے کے باغات کو شدید نقصان، زمینداروں کی امیدوں پر پانی پھیر گیا، زمینداروں کا حکومتی امداد کیلئے سروے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں گزشتہ دن ہونے والے بارش اور ژالہ باری سے وانا، لدھا، مکین، سرویکئی، سراروغہ اور توئی خلہ کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، شدید ژالہ باری سے کھیتوں میں کھڑی تیار فصلیں تباہ و برباد ہونے سمیت میوہ جات کے باغات بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، موسلادار بارشوں سے دور افتادہ علاقے شوال، لواڑہ، وچہ خوڑہ میں کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں اس سلسلے میں نیشنل ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جنوبی وزیرستان کیقدرتی آفات سے متاثرہ افراد کے نقصانات کے آزالے کیلئے کروڑوں روپے کا فنڈ ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان کو فراہم کرنے کے باوجود متاثرہ افراد کو تاحال حکومتی امدادی سے محروم رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی ادارہ برائے قدرتی آفات کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز ضلعی انتظامیہ کے اعلی حکام نے خرد برد کرکے ہڑپ کرلئے ہے، اس سلسلے میں قبائلی رہنما ملک اے ڈی محسود نے متاثرین کیلئے حکومتی ریلیف فنڈ کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔