بیکن ہاؤس اسکول سسٹم کا ملک گیراسپورٹس گالا کا انعقاد
کراچی(پ ر)ملک بھرمیں نجی تعلیمی اداروں کے سب سے بڑے نیٹ ورک بیکن ہاؤس سکول سسٹم کے تحت ہفتہ کھیل کا انعقاد کرایا گیا۔ملک بھرمیں پھیلے بیکن ہاؤس کے تمام کیمپسز میں، ہفتہ بھر جاری رہنے والے اس سپورٹس گالاکا مقصد روایتی کھیلوں کی بحالی اور طلبا میں پاکستانی ثقافت کو بیدار کرنا تھا۔سپورٹس ویک 14سے 18مارچ تک جاری رہا جس میں لاہور، کراچی، کوئٹہ، ملتان،پشاور، اسلام آباد، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں قائم 100 سے زائد بیکن ہاؤس کیمپس سے تعلق رکھنے والے ایلیمنٹری لیول، پرائمری، پری پرائمری اور مڈل سکول لیول کے طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ہفتہ کھیل کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں کے مقامی اور تاریخی کھیل پیش کیے گئے، ان میں کبڈی، کوکلا شپاکی،ا سٹاپو، رسہ کشی، پٹھوگرم، ککلی کلیر دی، گلی ڈنڈا، آنکھ مچولی، اونچ نیچ، برف پانی، بندر کلا، لنگڑی پالا اور پکڑن پکڑائی جیسے روایتی کھیل شامل ہیں۔