پی ٹی آئی کے 14منحرف ارکان کو شوکازنوٹس،7دن میں جواب طلب
اسلام آباد،لاہور(نیوزایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف نے 14منحرف ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں،جن ارکان اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں نورعالم خان، افضل ڈھانڈلہ، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض، رانا قاسم نون، احمد حسین ڈیہڑ، عبدالغفار وٹو، مخدوم باسط سلطان، عامر طلال گوپانگ، خواجہ شیراز، سردار ریاض مزاری، رمیش کمار، وجیہہ قمر اور نزہت پٹھان شامل ہیں۔شوکاز نوٹسز پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے دستخط کیے، نوٹس میں منحرف ارکان سے وضاحت طلب کی گئی اور ارکان کو 7روز کے اندر معافی مانگ کر غیر مشروط پارٹی میں واپس آنے کی مہلت دی گئی ہے۔نوٹس کہا گیا ہے کہ 7روز تک جواب نہ دینے اور واپس نہ آنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ادھرتحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا ترین گروپ کے عون چودھری رابطہ ہوا جس میں انہوں نے گروپ کو فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کردی ہے۔ذرائع کے مطابق سیاسی رابطے، روٹھوں کو منانے کا مشن لئے وفاقی وزیر پرویز خٹک کا رات گئے ترین گروپ کے مرکزی رہنما عون چودھری سے رابطہ ہوا، ٹیلی فونک رابطے میں گروپ ارکان کی ناراضی کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ترین گروپ کے رہنما عون چودھری کی جانب سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ رات گئے پرویز خٹک سے رابطہ ہوا۔ پرویز خٹک نے عون چودھری سے فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اہم فیصلے روک لیں، جلد اہم پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کی جانب سے ترین گروپ سے رابطہ کیا گیا ہے،ڈاکٹر مراد راس کی ترین گروپ کے 6 سے زائد ارکان سے ملاقات ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ آئیں مل بیٹھ کرغلط فہمیاں دور کرتے ہیں، ترین گروپ کے ارکان پارٹی کا حصہ ہیں، گلے شکوے دور کرنے کو تیار ہیں۔دوسری جانب ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کے بارے میں ہمیشہ مثبت رویہ اختیار کیا گیا، تمام فیصلوں کا اختیار جہانگیر ترین کے پاس ہے۔
نوٹس،جواب طلبی