سابق سپنر سعید اجمل نے شاداب خان کی باولنگ کے حوالے سے اہم با ت بتا دی

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق باولر سعید اجمل نے کہا ہے کہ سپنرز کی جانب سے فلیٹ پچ کا جواز پیش کرنا درست نہیں،ایسا کرنا شکست تسلیم کرلینے کے مترداف ہے،شاداب خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں جگہ بنانے کے لیے وقت درکار ہے۔
ایک انٹر ویو میں ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں جگہ بنانے کے لیے وقت چاہیے، لیگ سپنر میں بڑی انرجی اور باولنگ میں ویری ایشن ہے،وہ فیلڈنگ بھی عمدہ کرتے ہیں، مگر ٹیسٹ کرکٹ میں لمبے سپیل کرنا پڑتے ہیں،اس کیلیے ایکشن بھی آسان ہونا چاہیے، شاداب خان کو انجریز بھی رہی ہیں، میرے خیال میں ٹیسٹ کرکٹ میں جگہ بنانے کے لیے ابھی انہیں وقت درکار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو پچ دیکھ کر ہی باولنگ کرنا ہو تو اس کے سپنر ہونے کا فائدہ ہی کیا ہے،سلو باولرز کو بھی مثبت رہنا اور ہر طرح کی کنڈیشنز میں وکٹیں اڑانے کا ہنر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور کراچی میں فلیٹ پچز تھیں،ٹیسٹ کرکٹ میں اسی طرح کے ٹریک ہوتے ہیں،پاکستان میں ہمیشہ سے سپن پچز ہونے کا تاثر درست نہیں، یہاں تک کہ یواے ای میں کھیلتے ہوئے بھی ہمیں گیند کو سپن کرنا پڑتا تھا،ایسا کسی جادو کی وجہ سے ممکن نہیں ہوتا،دو طرح کی صورتحال ہوتی ہے کہ یا تو آپ سپن کریں یا پچ سے مدد ملے،دونوں میں بنیادی طور پر بہت فرق ہے،جو خود سپن کرنے کا ہنر جانتا ہو وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں وکٹیں حاصل کرسکتا ہے،ہمارا مسئلہ ہے کہ ہم ویری ایشن کا بہتر استعمال نہیں کرتے۔