اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی،عمران خان کے وکیل فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت جوڈیشل کمپلیکس پیشی کا ذکرچھڑ گیا، وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ میرا داخلہ جوڈیشل کمپلیکس میں بند ہو گیاپھر آپ کے پاس آگیا، اسلام آباد میں آپ کے علاوہ اور کوئی جگہ نہیں ہے،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ہفتے کو بھی کچھ مناسب بات نہیں ہوئی، میں بھی غلطی کروں اور آپ بھی پھر کیا فرق رہ جائے گا۔
وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ ہمارے پاس عدالتوں کے علاوہ اور کوئی جگہ نہیں ہے ،پولیس نے کچھ خفیہ ایف آئی آر رکھی ہوئی ہیں،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ ایف آئی آر سیل نہیں ہوتی ہے شاید آپ کو معلوم نہیں اس کے بارے میں،ایف آئی آر پبلک دستاویزات ہے وہ سیل نہیں ہو سکتی، پولیس تحقیقات کیلئے بلا لیتی ہے۔
وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ آپ اسلام آباد کی حد تک تمام مقدمات کی تفصیلات حکم دے دیں ، چیف جسٹس نے کہاکہ میں اپنی حدود کی حد تک نوٹس کر دیتا ہوں ۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ کیا آپ نے اعظم سواتی والی ججمنٹ پڑھی ہے،کوئی ایسا قانون نہیں کہ بتایا جائے کسی شخص کے خلاف مقدمہ ہے،اعظم سواتی کیخلاف بھی مقدمات پورے پاکستان میں ہیں ،عدالت نے فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت27 مارچ تک ملتوی کر دی اور جواب طلب کرلیا،عدالت نے اسلام آباد کی حد تک تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔