پاکستان کا دشمن ایران کا دشمن تصور کیا جائیگا:احمدی نڑاد
تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی صدر نے حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا دشمن ایران کا دشمن تصور کیا جائیگا۔وفاقی وزیر برائے ریگولیشن اینڈ سروسز ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایرانی صدر محمود احمدی نڑاد سے ملاقات کی۔ ایرانی صدر نے وفاقی وزیر کے ساتھ معیشت، ثقافت، مذہب، صحت اور سماجی امور پر مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایران کی پاکستان کے ساتھ دیرینہ تاریخی دوستی قائم ہے اور دونوں ممالک مشترکہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اقدار سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ایرانی عوام آنیوالے وقتوں میں پاکستانی مدد کےلئے کھڑے ہونگے۔ صدر نے ایرانی وزیر صحت کو ادویات سازی کے شعبے میں ملاقات کو مزید فروغ اور ایک دوسرے کی ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کی ہدایت کی۔ صدر نے یہ بات زور دیکر کہی کہ خواتین کا سماجی، ثقافتی اور معاشی ترقی میں نمایاں کردار ہے۔ اُنہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کےلئے خواتین کے درمیان رابطے کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔