مودی کشمیریوں کو انصاف دینے کے دعوے میں سچے ہیں ،سید علی گیلانی
سرینگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کے متوقع وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان کہ کشمیر سے کنیا کماری تک انصاف دﺅں گاپر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے سب سے بڑی ناانصافی کشمیری قوم کے ساتھ ہورہی ہے اور یہ ملک پچھلی 6 دہائیوں سے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت اور حقِ آزادی کو دباتا چلا آرہا ہے۔ انہوں نے نریندر مودی کو مخاطب کیا کہ کشمیری قوم کو انصاف دیا گیا تو یہ خود بھارت، بلکہ پورے برصغیر کے کروڑوں عوام کی بھلائی کا کام ہوگا اور اس سے جنوب ایشیا کا پورا خطہ امن، استحکام اور ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا۔
بیان میں حریت چیرمین نے کہا کہ نریندر مودی کا سالِ پیدائش اگرچہ 1950 ہے، البتہ وہ 47 کے اس عظیم انسانی المیے سے یقینا واقف ہوں گے، جب برصغیر ہندوپاک کی انگریزوں کی جبری غلامی سے خلاصی کے صرف 72دن بعد بھارت نے جموں کشمیر میں اپنی فوجیں اتادیں اور ایک نسبتا کمزور اور بے سروسامان قوم کو جبری طور غلام بنالیا۔ گیلانی نے کہا کہ بھارت نے ان وعدوں کو پورا نہ کرکے کشمیری قوم کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی کی ہے اور بھارت کے متوقع وزیر اعظم نریندر مودی انصاف دینے کے اپنے وعدے میں مخلص ہیں تو انہیں ان توڑے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا عزم باندھ لینا چاہیے اور کشمیری قوم سے ان کے مستقبل کے بارے میں رائے پوچھے جانے کے لیے اس ریاست میں رائے شماری کے انعقاد کا بندوبست کیا جانا چاہیے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ نریندر مودی بھارت کی جنگ آزادی میں شامل نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، البتہ انہیں ایک موقع مل رہا ہے کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو اس کے اصل تناظر میں سمجھنے کی کوشش کریں اور ان کے حقِ خودارادیت کو واگزار کراکر انہیں انصاف فراہم کریں۔ گیلانی نے کہا کہ اگر مودی انصاف دینے کے اپنے دعوے میں سچے ہیں تو انہیں کشمیریوں کے ساتھ ہورہی تمام تر ناانصافیوں کو پہلے مرحلے پر کم از کم قبول کرلینا چاہیے اور پھر ان کا ازالہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔