کوہلی سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کیلس
نئی دہلی( نیٹ نیوز) سابق مایہ ناز جنوبی افریقن آل راﺅنڈر جیک کیلس نے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جیک کیلس ان دنوں بھارت میں جاری آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کے سچن ٹنڈولکر دنیا کے عظیم بلے باز ہیں اور ان کے ریکارڈز کو توڑنا اتنا آسان نہیں تاہم وہ ویرات کوہلی کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہہ سکتے ہیں اگر وہ مستقل مزاجی سے کھیلتے رہے تو سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔