شاہ عالمی، دکان میں آتشزدگی،پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی
لاہور(کرائم سیل) شاہ عالمی مارکیٹ میں تاجر عابد کاظمی کی دکان میں لگنے والی آگ کے واقعہ پر پولیس نے ڈیڑھ ہفتہ گزر جانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ تاجر عابد حسین کاظمی نے الزام لگایا ہے کہ دکان کے مالک نے آگ لگوائی ہے اور شارٹ سرکٹ کا ڈرامہ رچایا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بارے میں تاجر تنظیموں میں خاصی تشویش پائی جاتی اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ پولیس نے کارروائی نہ کی تو احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اعلیٰ پولیس حکام کو دی گئی درخواست میں عابد حسین نے کہا ہے کہ میں 1953ءسے کاروبار کررہا ہوں اور مارکیٹ میں اچھی ساکھ کاحامل ہوں، میں رات دکان بند کرکے برقی سپلائی بھی بندکردیتا ہوں لیکن 7 مئی کو دکان کے مالک نے روشن دان کے ذریعے میری دکان میں آگ لگوائی اور فائربریگیڈ کو مطلع کرکے خود ہی آگ بجھوائی۔ دکان دار کے مطابق مالک کرائے داروں کو ہراساں کرکے کاروبار کو نقصان پہنچا رہا ہے۔مقامی تاجر رہنماﺅں عبدالقدوس ، طارق بٹ، شہزادہ بابر، اور حاجی حنیف نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔