اداروں میں ٹکراﺅ کے نتائج خطرناک ہونگے

اسلام آباد(این این آئی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں اداروں کا ٹکراﺅ خطرناک ہوگا، نواز شریف سندھ میں جاری آپریشن کیلئے فنڈز جاری کریں تاکہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جاسکے، میڈیا کے اندر بھی لڑائی شروع ہوچکی، اسحاق ڈار کے بس دعوے ہی ہیں،عوام دوست بجٹ آتا نظر نہیں آرہا ، جہاں تھے وہی کھڑے ہونگے، گزشتہ روز نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاکہ آج جو کچھ ہو رہا ہے اسکی نشاندہی پہلے ہی کر چکا ہوں،ملک میں اداروں کا ٹکراو جاری ہے جس کے نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ کوئی جلوس میڈیاتو کوئی آئی ایس آئی کے حق میں نکالا جارہاہے، خود میڈیا کے اندر بھی لڑائی شروع ہوچکی ہے،خورشید شاہ نے کہا کہ الطاف حسین کو انکا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کردینا چاہئے،خورشید شاہ نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف سندھ میں جاری آپریشن کیلئے فنڈز جاری کریں تاکہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جاسکے، بجٹ کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے بس دعوے ہی ہیں،عوام دوست بجٹ آتا نظر نہیں آرہا ، جہاں تھے وہی کھڑے ہونگے۔