پاکستان اور بھارت ماضی ختم کر دیں

نئی دہلی ( اے این این )بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے پاکستان اوربھارت کے درمیان امن کودونوں ممالک کا مشترکہ مفاد قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیاہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک نزاکت کو سمجھتے ہوئے ماضی کو دفن کردیں کیونکہ اب ہم تاریخ کے غلط رخ کی طرف جانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔نئی دہلی میں پریس کلب آف انڈیا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہاکہ پاکستان اوربھارت کے درمیان امن نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے کے مفاد میں ہے اگرچہ دونوں ممالک کی تاریخ تلخ ہے تاہم اب وقت آگیاہے کہ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ماضی کو دفن کردیں یا ایک دوسرے کے خلاف سینہ سپر ہو جائیں۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ ماضی کوبھلایانہیں جاسکتاتاہم وقت آگیاہے کہ دونوں ممالک حالات کی نزاکت کو سمجھیں اورنئے حالات کے ساتھ سمجھوتہ کریں کیونکہ پاکستان اور بھارت اب تاریخ کے غلط رخ کی طرف جانے کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ نئی بھارتی حکومت ہماری سوچ کو سمجھے گی ۔انہوں نے کہا کہ امن کا مشترکہ مفاد مذاکرات کے عمل کے ذریعے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔