نرسوں کی خالی آسامیاں جلد پر کی جائیں،سلمان رفیق
لاہور(جنرل رپورٹر)مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے نرسنگ کے شعبہ کو ترقی دینا ہوگی-انہوں نے یہ بات گزشتہ روزیہاں نرسوں کے سروس سٹرکچر اور دیگر معاملات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت نے ایڈہاک پر کام کرنے والی 3382نرسوںکا ایڈہاک کنٹریکٹ میں تبدیل کردیا ہے جبکہ 25کنٹریکٹ نرسوں کو ریگولر کرنے کی سمری حکومت کو بھجوائی جاچکی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسوں کی خالی آسامیاں جلد پر کرنے کے ساتھ نئی آسامیاں بھی پیدا کی جائیں ۔ انہوںنے ڈی جی نرسنگ رخسانہ کمال کو ہدایت کی کہ ایک ہفتہ کے اندر وہ اس سلسلہ میں سفارشات مرتب کر کے پیش کریں ۔