ہائیکورٹ ،مشروب ساز اداروں کی پیداوار پر لگایا گیا کپیسٹی ٹیکس کالعدم قرار
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے مشروب ساز اداروں کی پیداوار پر لگایا گیا کیپیسٹی ٹیکس متوازی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیدیا۔جسٹس منصور علی شاہ نے مشروب ساز اداروں کی طرف سے دائر نو درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے سیلز ٹیکس 2003کے ایک حکم نامے میں ترمیم کر کے مشروبات کی پیدوار کی مقدار پر کیپیسٹی ٹیکس کے نام سے ایک اضافی ٹیکس لاگو کر دیا ہے جو کہ غیر قانونی ہے، عدالت کو بتایا گیا کہ مشروب ساز ادارے پہلے ہی اپنی پیداواراور سپلائی پر سیلز ٹیکس ادا کر رہے ہیں لہذا ان کی پیداواری صلاحیت کے مطابق کسی نئے ٹیکس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ دلائل میں مزید کہا گیا کہ فیڈرل ٹیکس مصنوعات کی سپلائی پر لاگو نہیں کیا جا سکتا۔۔ عدالت نے سماعت کے بعد کپیسٹی ٹیکس کو غیر قانونی قرار دیدیا اور اس کےنفاذ بارے ایف بی آر کا نوٹیفیکشن مجریہ دو ہزار تیرہ اور اس کے متعلق تمام ایس آر اوز بھی کالعدم کر دئیے۔
کالعدم