وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور افراد کیلئے عوامی مقامات پر ریمپ کی سہولت کیلئے درخواست پر حکومت سے جواب طلب

وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور افراد کیلئے عوامی مقامات پر ریمپ کی سہولت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور افراد کیلئے عوامی مقامات پر ریمپ کی سہولت دینے کیلئے دائر درخواست پروفاقی و صوبائی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کر لیا، عدالت نے ایل ڈی اے، محکمہ ٹرانسپورٹ ، وزارت انسانی حقوق کے سینئر افسران کو بھی عدالت میںپیش ہونے کی ہدایت کر دی۔جسٹس سید منصور علی شاہ نے ایڈووکیٹ انجبین عاطف کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کی،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور افراد کو عوامی مقامات، پارکوں، سرکاری دفاتر میں ریمپ کی سہولیات میسر نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان افراد کی آزادنہ نقل و حرکت متاثر ہورہی ہے جو آئین کے آرٹیکل 9، 14اور 25کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے تحت حکومت اس بات کی پابند ہے کہ تمام شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرے جبکہ تعمیرات کے حوالے سے حکومت اور ایل ڈی اے کی پالیسی ہے کہ معذور افراد کی سہولت کیلئے ریمپ بنائے جائیں گے مگر اس پالیسی پر عمل نہیں کیا جا رہا ، انہوں نے استدعا کی کہ حکومت کو تمام عوامی مقامات پر وہیل چیئر استعمال کرنے والے معذور افراد کی سہولت کیلئے ریمپ بنانے کا حکم جاری کیا جائے، جسٹس منصور علی شاہ نے دلائل سننے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے ایل ڈی اے ، محکمہ ٹرانسپورٹ ، وزارت انسانی حقوق کے سینئر افسران کو 5جون کیلئے عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ وہیل چیئر استعمال کرنے والی ایک معذور لڑکی کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ عدالت میں خود پیش ہو کراپنی مشکلات کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کریں۔
ریمپ کی سہولت

مزید :

صفحہ آخر -