مودی کی کامیابی کے بعد بھارت سے متعلق نئی پالیسی کیلئے حکومت پاکستان کی مشاورت

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت پاکستان نے نریندر مودی کی انتخابات میں کامیابی کے بعد بھارت کے حوالے سے نئی پالیسی کی تشکیل کیلئے مشاورت شروع کردی اور اس سلسلے میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں جبکہ ، بری، بحری اور فضائی افواج سے بھی رائے لی جائے گی۔ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ ابتدائی طور پر حکومت کا خیال ہے کہ دیکھو اور بھارتی پالیسی کے سامنے آنے کا انتظار کرو کا فیصلہ کرلیاہے ۔اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز یا وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اجلاس ہورہا ہے جس میں بری، بحری اور فضائی افواج کے نمائندے بھی شرکت کرینگے جبکہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی بھی اس اجلاس میں شرکت کا امکان ہے۔ روزنامہ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق نئی بھارت کی پالیسی کی تشکیل کے سلسلے میں سینئر سفیروں اور دیگر سفارتکاروں سے بھی رائے لی جائے گی۔ اس سلسلے میں اب تک جن لوگوں سے رابطہ کیا گیا ان میں واشنگٹن میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی ،روس کیلئے سفیر ظہیر جنجوعہ، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان، جنیوا کیلئے نمائندے ضمیر اکرم، چین کیلئے سفیر مسعود خالد، ایران کے لئے سفیر نور محمد جادمانی اور برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹر کیلئے سفیر نغمانہ ہاشمی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر بی جے پی کے ساتھ پس پردہ رابطے میں ہیں جس کا مقصد اسے بامعنی رابطوں کے حوالے سے حکومت پاکستان کی آمادگی کا پیغام پہنچانا ہے.