کراچی میں موت کا رقص جاری،چند گھنٹوں میں 8 افراد قتل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )کراچی میں موت کا رقص پھر شروع ہو گیا ہے ، ٹارگٹ کلرز کو کوئی لگام ڈالنے والا نہیں ، آج بھی سنی تحریک کے دو کارکنوں سمیت آٹھ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔شہر قائد میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود قتل و غارت گری نہ رک سکی ،اورنگی ٹاﺅن فٹ بال چورنگی کے قریب فائرنگ سے سنی تحریک کے کارکن دو سگے بھائی امین اور امان زخمی ہو گئے جو ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔ رضویہ سوسائٹی کے علاقے سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے ، لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اورنگی ٹاﺅن خیرآباد میں فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ لیاری بہار کالونی میں فائرنگ کر کے خاتون کو قتل کر دیا گیا۔منگھو پیر میں گھر کی چھت پر سوئے امام مسجد قاری برکت کو نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ گذشتہ روز بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔