خیبر پختوخواہ حکومت خود ہی گر جائے گی: فضل الرحمان

خیبر پختوخواہ حکومت خود ہی گر جائے گی: فضل الرحمان
خیبر پختوخواہ حکومت خود ہی گر جائے گی: فضل الرحمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور،بٹگرام (مانیٹرنگ ڈیسک ) جمعیت علماءاسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ خیبر پی کے حکومت کو” دھکا“ دینے کی ضرورت نہیں وہ خود ہی گر جائے گی۔ عمران خان دھرنوں کی سیاست چھوڑ کر صوبائی حکومت پر توجہ دیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر بہت سے تحفظات ہیں مگر مڈ ٹرم الیکشن کے حق میں نہیں۔ ہم وفاقی حکومت کے اتحادی ضرور ہیں مگر بہت سے قومی معاملات پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا جارہا جس کے باعث ہم اس سے خوش نہیں تو عوام کس طرح مطمئن ہوں گے؟ وفاقی حکومت نے انتہائی قلیل عرصہ میں اپنے لیے کئی محاذ کھول لیے ہیں جوکہ ملک کے مفاد میں نہیں۔ بھارت میں ہندو قومیت پرست جماعت کی حکومت آنے بعد وفاقی حکومت کو خارجہ پالیسی میں تبدیلی لانی ہو گی اور مستقبل کے حوالے سے حکمت عملی اپنانی پڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز بٹگرام میں صحافیوں سے بات چیت اور مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فضل الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت سے ہماری جماعت کو شدید تحفظات ہیں۔ تاہم جمعیت علماءاسلام مڈٹرم الیکشن کے حق میں نہیں ہے۔ عمران خان دھرنوں کی سیاست ترک کر کے خیبر پی کے حکومت کی فکر کریں۔ مجھے معلوم نہیں عمران خان کس کے ایجنڈے پر کارفرما ہیں شاید وہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہوں۔ قبل ازیں بٹگرام جامعہ دارالعلوم کوثر القرآن میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ دین اسلام کی سربلندی اور عقیدے کی حفاظت کیلئے دینی مدارس کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں اور دینی مدارس کا انتہا پسندی یا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ دینی مدارس کیخلاف امریکہ سمیت مختلف اسلام دشمن طاقتیں سازشیں کر رہی ہیں جنہیں ہم سب کو مل کر ناکام بنانا ہو گا۔ بیرونی ڈکٹیشن سے آزادی کے بغیر ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن نہیں کیا جا سکتا۔ دینی مدارس کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کیلئے کوشاں ہیں۔

مزید :

قومی -