تعلیمی اور تحقیقی اداروں کا فوکس صنعت و تجارت پر ہونا چاہیے ، صدر فیصل آباد چیمبر

تعلیمی اور تحقیقی اداروں کا فوکس صنعت و تجارت پر ہونا چاہیے ، صدر فیصل آباد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد(بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے کہا کہ تعلیمی اور تحقیقی اداروں کا فوکس صنعت و تجارت پر ہونا چاہیے تاکہ نہ صرف صنعتوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے بلکہ ہنر مند افرادی قوت کو متعلقہ اداروں میں فوری طور پرروزگار بھی مہیا کیا جا سکے۔ وہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے جنرل مینجر ماریہ قادری کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ صدر شبیر حسین چاولہ نے بتایا کہ اس وقت انڈسٹری اکیڈیما میں رابطوں کا شدید فقدان ہے۔ جسکی وجہ سے صنعتوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے زیادہ تر صنعتی اداروں میں پرانی ٹیکنالوجی استعمال ہورہی ہے۔ جس کی وجہ سے ہماری پیداواری لاگت نسبتاً زیادہ ہے۔ جبکہ متعلقہ تحقیقی ادارے ابھی تک اس مسئلے کا قابل عمل حل تلاش کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ برطانیہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ہڈرزفیلڈ میں ٹیکسٹائل سنٹر آف ایکسیلینس کا دورہ کیا۔ اس سنٹر نے ایسی ٹیکنالوجی تیار کی ہے جس میں سو فیصدپانی اور کیمیلز کے بغیر کپڑا تیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے اداروں میں ایسے عملی مسائل پر توجہ نہیں دی جارہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے یونٹوں کی تعدار زیادہ ہے۔ جو اپنے تھوڑے مالی وسائل کی وجہ سے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر سرمایہ خرچ نہیں کر سکتے، فیصل آباد چیمبر ان کیلئے مشترکہ تربیت کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ ان میں بتدریج پرانی ٹیکنالوجی کو جدید ٹیکنالوجی سے تبدیل کیا جاسکے۔ ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے بتایا کہ ملک کے مختلف اداروں میں مختلف قسم کے سلیبس پڑھائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے طلبہ کیلئے نوکریوں کی تعداد بھی محدود ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم بی بی ایس کے ماڈل کو مدنظر رکھ کر انجیئرنگ اور ٹیکنالوجی کیلئے بھی یکساں سلیبس تیار کئے جانے چاہیں۔ مزید برآن ان یونیورسٹیوں کے طلبہ کو آخری سال میں مکمل طور پر صنعتوں سے وابستہ کر دیا جانا چاہیے۔ تاکہ وہ صنعتوں کے عملی مسائل کو سمجھ کر انہیں حل کر سکیں۔ ماریہ قادری نے بتایا کہ نسٹ کا شمار دنیا کے 50بڑے اور اہم اداروں میں ہوتا ہے اسی طرح 50سال سے قائم اداروں کی درجہ بندی میں نسٹ 61ویں نمبر پر آتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ نسٹ میں کوئی کوٹہ نہیں جبکہ طلبہ کو صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نسٹ میں ہر سال ایک سو مستحق مگر ذہین طلبہ کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اور اس کار خیر میں فیصل آباد کے مخیر حضرات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید :

کامرس -