نئی ڈرامہ سیریل ’’بند کھڑکیاں‘‘ کی ریکارڈنگ تیزی سے جاری
لاہور(فلم رپورٹر)اسد جبل کی ڈائریکشن میں نئی ڈرامہ سیریل’’بند کھڑکیاں‘‘ کی ریکارڈنگ تیزی سے جاری ہے جسے ’’مومل انٹرٹینمنٹ‘‘ پروڈیوس کررہا ہے۔ اس سیریل کی رائٹر سیما مناف ہیں جبکہ کاسٹ میں آغاعلی،سارہ خان،انعم فیاض،ساجد شاہ،اکبر شاہ،سیمی پاشا،مریم مرزا اورآغامصطفےٰ قابل ذکر ہیں۔سیریل کے ڈی او پی عدیل خان، سیکنڈ ڈی او پی طفیل،ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر اسامہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سارہ مظہر ہیں۔اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسد جبل نے بتایا کہ ڈرامے کی کہانی موجودہ معاشرتی صورت حال کی عکاسی کرتی ہے جس میں رشتوں کے اتار چڑھاؤ بھی بیان کئے گئے ہیں۔جوائنٹ فیملی میں جہاں خوشیاں ہیں وہیں طرح طرح کے مسائل بھی درپیش ہیں۔اسی فیملی کا ایک لڑکا یہ سمجھتا ہے کہ وہ اپنی جس کزن سے محبت کرتا ہے وہ صرف اسی کی ہے لیکن ایسا نہیں ہوتا اور یہیں سے کہانی ایک نیا موڑلیتی ہے۔آغامصطفےٰ اور انعم فیاض کا ٹریک بھی دلچسپ ہے جبکہ سارہ خان اور آغا علی کو ناظرین ایک بار پھرمنفرد کرداروں میں دیکھ پائیں گے جو کئی ڈراموں میں اکٹھے کام کرچکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اسد جبل نے بتایا کہ ’’بند کھڑکیاں‘‘ کی کہانی کا بنیادی مقصد ان رشتوں کی اہمیت سامنے لانا ہے جسے عام پر غیر اہم سمجھ کر نظر انداز کردیاجاتا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے ہی اسد جبل کی ہی ڈائریکشن میں بننے والی سیریل’’پرچھائیں‘‘ ان دنوں نجی ٹی وی سے نشر کی جارہی ہے جسے ناظرین بہت زیادہ پسند کررہے ہیں۔