میرا کے امریکہ منتقل ہونے کی تمام خبریں جھوٹی نکلیں
لاہور(فلم رپورٹر)سینئراداکارہ میرا کو آئے روز اپنے بارے میں نئی نئی خبریں پھیلانے کا بہت شوق ہے یہی وجہ ہے کہ وہ طرح طرح کے شوشے چھورٹی رہتی ہیں۔ میرا نے اپنی روایت قائم رکھتے ہوئے چند روز پہلے میڈیا کو بتایا کہ اب وہ امریکہ منقتل ہوگئی ہیں اور جلد ہی وہاں چلی جائیں گی جس پر میڈیا نے بھی مزے لے لے کر خبریں چلائیں۔بعد ازاں میرا نے سوشل میڈیا میں بھی یہ تاثر دیا کہ وہ امریکہ پہنچ چکی ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ نہ تو میرا ابھی امریکہ منتقل ہوئی ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی ایسا ارادہ ہے بلکہ وہ پاکستان میں ہی مقیم ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جب میرا نے یہ کہا کہ وہ امریکہ جارہی ہیں تب وہ صرف دبئی گئی تھیں جہاں سے پاکستان واپس آگئیں اور انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والی ایک ایوارڈ تقریب میں بھی شرکت کی جس کے بعد اب وہ لاہور میں ہی مقیم ہیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ میرا نے ایک ہفتہ قبل لاہور میں ڈائریکٹر ثاقب ملک کی فلم"باجی" کی شوٹنگ بھی کرائی تھی جس میں وہ اہم کردار کررہی ہیں۔