پاکستان کے خلاف پانچویں نمبر پر کھیلنے کیلئے تیار ہوں، جونی بیئرسٹو
لندن (نیٹ نیوز) انگلش ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز جونی بیئرسٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف شیڈول ہوم ٹیسٹ سیریز میں بطور وکٹ کیپر پانچویں نمبر پر کھیلنے کیلئے تیار ہوں، کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 24 مئی سے شروع ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نئے چیف سلیکٹر ایڈ سمتھ نے مجھے پانچویں نمبر پر کھیلنے کا کہا ہے جو کہ میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، میں ان کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہوں۔ بیئرسٹو نے گزشتہ سیزن میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی تھی تاہم کینگروز کے خلاف ایشز سیریز میں انہیں دوبارہ ساتویں نمبر پر کھیلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں ٹیم کی طرف سے کسی بھی نمبر پر کھیلنے کیلئے تیار ہوں، ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں، پاکستان کے خلاف شیڈول سیریز میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو کامیابیاں دلانا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔