نوازشریف کا بیانیہ ملک کے لئے پریشانیہ بن چکا ہے،یاسمین راشد
لاہور (لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی سینئرمرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ نوازشریف کا بیانیہ ملک کے عوام کے ساتھ ساتھ شہباز شریف اور (ن) لیگ کے لیے بھی’’پریشانیہ‘‘ بن چکاہے، خود شہباز شریف اپنے بھائی کے بیانیہ سے متفق نہیں ہیں، نوا ز شریف کے بیان نے شہباز شریف کو بند گلی میں داخل کر دیا ، ناا ہلی کے بعد نواز شریف نے مسلسل عدلیہ اور حساس اداروں کو ہدف تنقید بنارکھاہے۔ بھارت پاکستان کا ا زلی دشمن ہے او ر رہے گا سابق وزیراعظم بھارت کو خوش کرنے کے لیے ملکی سلامتی سے کھیل رہے ہیں۔ نوازشریف کے بیانات سے ملک کو شدید نقصان اور امریکہ و بھارت کو فائدہ ہورہاہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی مفادات کے خلاف ہر قول و فعل غداری ہے نوا ز شریف کے بھارت کے حق میں بیان دینے سے وطن سے ان کی وفاداری مشکوک ہو گئی ہے۔ پاکستان پہلے ہی امریکی، بھارتی اور ہمنوا قوتوں کی طرف سے شدید دباوکا شکار ہے جو پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگا رہے ہیں۔ نواز شریف کا حالیہ بیان ان الزامات کی تائید ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کے خلاف امریکی، بھارتی اور افغان جارحیت کا راستہ کھل سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ نواز شریف کا اصل چہرہ آج پوری طرح قوم کے سامنے ہے۔
یاسمین راشد