اغوا برائے تاوان کیس کے ملزمان 7روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اغوا برائے تاوان کیس کے ملزموں کو 7روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاہے ۔ پولیس نے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے اغوا برائے تاوان کیس کے ملزموں کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ایڈمن جج سجاد احمد کی عدالت میں پیش کیا۔ پراسیکیوٹر عبدالرؤف وٹو نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزموں سے ایک کروڑ 55 لاکھ روپے برآمدکئے جا چکے ہیں ، مزید برآمدگی کیلئے مزید 14دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزموں کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے تفتیش مکمل کرکے آئندہ سماعت پر ملزموں کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ملزمان ذوالفقار، محمد یوسف ، ارشاد، محمد سلیم ، عارف مسیح اور تصدق حسین کے خلاف تھانہ ستو کتلہ میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج ہے۔