سزا یافتہ مجرم عمران علی کے خلاف کیس کی سماعت 23 مئی تک ملتوی
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ایڈمن جج سجاد احمد نے زینب قتل کیس میں سزا یافتہ مجرم عمران علی کے خلاف 7 سالہ نور فاطمہ کے ساتھ بداخلاقی اور قتل کیس کے جیل ٹرائل میں گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 23 مئی تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ سماعت شروع ہوئی توعدالت نے پراسیکیوٹر عبدالرؤف وٹو کو ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیا ۔ ملزم عمران نے نور فاطمہ کے ساتھ بداخلاقی اور قتل میں صحت جرم سے انکار کررکھا ہے۔پولیس اور پراسیکیوشن نے 7 سالہ نور فاطمہ کے ساتھ بداخلاقی کیس میں 85 سے زائد صفحات پر مشتمل چالان عدالت پیش کر رکھا ہے۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عبدالرؤف وٹو نے جیل ٹرائل میں دلائل دئے۔بداخلاقی کا یہ مقدمہ تھانہ صدر قصور میں درج ہے جس میں بداخلاقی اور قتل کے مقدمہ میں 12 مختلف دفعات شامل ہیں۔