القدس میں امریکی سفارتخانہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے:تہمینہ جنجوعہ
اسلام آباد، استنبول (نیوز ایجنسیاں )سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح عالمی قوانین خصوصا القدس شریف کی حیثیت کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ ہم مسلما نو ں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور اس نازک صورتحال میں ہماری مشترکہ آواز ہی سنی جائے گی۔سیکرٹری خارجہ نے کہا فلسطین اور جموں و کشمیر دونوں خطوں کی صورتحال مہذب دنیا کے عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہے۔استنبول میں او آئی س سربراہ اجلاس سے قبل وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں جاری کردہ ایک بیان میں سیکرٹری خارجہ نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں بیگناہ فلسطینوں کی شہادت پر صدر محمود عباس اور فلسطینی عوام کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اورکہا فلسطین اور جموں وکشمیر دونوں خطوں کی صورتحال مہذب دنیا کے عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہی ہے۔ پرامن احتجاج بنیادی انسانی حق ہے،فلسطینی القدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کیخلاف احتجاج کر رہے تھے، جو دنیا کے تمام مسلمانوں کیلئے ایک مقدس مقام ہے۔ موجودہ نازک صورتحال میں امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا،تاکہ اس کے مسائل حل ہو سکیں ۔