فلسطینوں کے تحفظ کیلئے عالمی فوج ، قتل عام کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی جائے ، او آئی سی

فلسطینوں کے تحفظ کیلئے عالمی فوج ، قتل عام کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی جائے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

استنبول(آئی این پی ،صباح نیوز) اسلامی تعاون تنظیم نے فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے ایک بین الاقوامی فورس اور اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے حالیہ قتل عام کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت پر زورد یتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اورسیکیورٹی کونسل فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، رمضان المبارک کے دوران تمام او آئی سی رکن ممالک میں فلسطینیوں کیلئے ایک امدادی مہم چلائی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق 57 اسلامی ممالک پر مشتمل او آئی سی سربراہ اجلاس فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم پر بلایا گیا جس کی صدارت ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کی اسلامی تعاون تنظیم کے غیرمعمولی اجلاس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیے میں اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیل کی طرف سے احتجاج کرنیوالے 60سے زائد فلسطینیوں کو شہید اورستائیس سو کو زخمی کرنے کی سخت مذمت کی۔تنظیم نے عالمی برادری اورسیکیورٹی کونسل پرزوردیاکہ وہ فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔اسلامی تعاون تنظیم نے کہاکہ اسرائیل نے امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کی آڑ میں اس ظلم وستم کاارتکاب کیا۔اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل یوسف الوتھائمین اور فلسطینی وزیراعظم رامی حمداللہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اظہارخیال کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران تمام او آئی سی رکن ممالک میں فلسطینیوں کیلئے ایک امدادی مہم چلائی جائے گی۔فلسطین کے وزیراعظم رمی حمداللہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم کی بین الاقوامی اور آزادانہ تحقیقات پرزوردیاہے۔
او آئی سی


غزہ، نیویارک (آئی این پی،صباح نیوز)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے نہتے فلسطینیوں کو بربریت کا نشانہ بنانے پر اسرائیل کے خلاف تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا فیصلہ کر لیا ،امریکی و اسرائیلی سخت اعتراضات کے باوجود 2مخالف 14غیر جانبدار اور 29حق میں ووٹوں کیساتھ منظوری دیدی گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے اسرائیل کے فلسطینی عوا م کے خلاف "اندھا دھند" اور’’غیر متوازن‘‘طاقت کے استعمال کی مذمت اور غزہ کی سرحدوں پر رونما ہونے والے واقعات کی تحقیقات کیلئے کونسل کی جانب سے ایک غیر جانبدار کمیشن کی تشکیل کے لیے مجوزہ بل کی منظوری کو 'ایک اہم قدم' کے طور پر پیش کیا ہے۔حماس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں عالمی برادری اور عالمی فوجداری عدالت سے اسرائیل کے خلاف سرزد کردہ جرائم اورخلاف ورزیوں کے حوالے سے کاروائیاں کرنے اور مظلوم فلسطینی عوام کا ساتھ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔دوسری طرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ بین الاقوامی امن مشن بھیجنے کی تجویز پر بحث کیلئے(کل)پیر کو اجلاس کرے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت نے تجویز دی کہ اقوام متحدہ ، مقبوضہ علاقوں کے فلسطینی باشندوں کو عالمی تحفظ مشن فراہم کرے ۔اسرائیل کی جانب سے طاقت کے بے جا استعمال کی مذمت کرے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 30دن کے اندر فلسطینی شہریوں کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنانے کے طور طریقوں پر مشتمل رپورٹ پیش کرے۔کویت کا یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیاجبکہ سعودی عرب نے انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بے قصور فلسطینی شہریوں پر اسرائیل کے جابرانہ تصرفات اور ظالمانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنا یہ مطالبہ دہرایا تھا کہ غزہ کے واقعات پر بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے۔واضح رہے کہ کویت یکم جنوری 2018 سے 2 سال کے لئے سلامتی کونسل کے عارضی ارکان میں شامل ہے۔کویت کی تجویز کی منظوری کیلئے حمایت میں 9ووٹ آنا ضروری ہیں ۔اقوام متحدہ میں امریکی مشن نے اس درخواست پر ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ سفارتکارو ں نے کہا کہ اگر کویت نے مذکورہ تجویز ووٹنگ کیلئے پیش کی تو امریکہ اسے منظو رنہیں ہونے دیگا اور اس کے خلاف ویٹو کا حق استعمال کریگا۔
اقوام متحدہ

مزید :

صفحہ اول -