ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال بھارتی گولہ باری قابل مذمت ہے،قاری زوار
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے بھارتی افواج کی طرف سے بھارتی سکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ بانڈری لائن پر سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری سے6 پاکستانی شہریوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو اس شر انگیزی اور جارحیت کی منہ توڑ جواب دینا چاہیے انہوں نے کہا کہ بھارت شاید ہماری خاموشی کو کمزوری سے تعبیر کرنے لگا ہے ۔ ایسے میں حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ بھارتی سورماؤں کو ایسا جواب دیں کہ ہندو بنئے کا دماغ درست ہو جائے۔شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدری و اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر بھارتی فوج کی سرحدی خلاف ورزیاں حد سے تجاوز کرچکی ہیں پاکستانی فوج ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور او رموثر جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان کی پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم بھارت سے مقابلے کے لئے متحد ہے اور یہ تمام آپس کے اختلافات پس پشت ڈال کر بھارت کو ایسے جواب دیں گے کہ ان کی آئندہ آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء پاکستان کے دفتر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رشید احمد رضوی ،مولانا نصیر احمد نورانی ،ملک بشیر احمد نظامی ،ایم اے مہر ،مفتی تصدق حسین ،قاری خلیل مہروی ،مفتی جمیل رضوی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔