کراچی میں ہیٹ ویو، پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) شہر میں ہیٹ ویو کے باعث موسم شدید گرم رہا اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں گزشتہ ہفتے سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے باعث محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کا الرٹ بھی جاری کررکھا ہے،آج بھی ہیٹ ویو کی وجہ سے موسم شدید گرم رہا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن کے اوقات میں کراچی میں سمندری ہوائیں بند رہیں اور بلوچستان سے خشک ہوائیں چلیں جن میں نمی کا تناسب کم رہا۔کراچی میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دن میں نمی کا تناسب 40 سے 50 فیصد رہا جب کہ شام کے وقت نمی کا تناسب 15 سے 25 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت مزید 5 روز تک برقرار رہے گی۔سندھ میں سب سے زیادہ گرمی نواب شاہ میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جب کہ دادو اور سکھر میں پارہ 42 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رواں سال کراچی میں اب تک 3 ہیٹ ویو آچکی ہیں، مئی اور جون میں مزید ہیٹ ویو آسکتی ہیں اور شہر میں ہیٹ ویو کا دورانیہ 5 روزتک جاری رہے گا۔کراچی میں ہیٹ ویو پیر، منگل اور بدھ کو شدید ترین ہو گی، تینوں روز سمندری ہوائیں مکمل طور پر رک جائیں گی اور درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچے گا جب کہ ہیٹ ویوکے دوران ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونا اچھی علامت ہے۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے شہریوں اور بالخصوص موٹرسائیکل سواروں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سیباہر نہ نکلیں اور باہر نکلنے کی صورت میں گیلا کپڑا سرپر رکھیں تاکہ دھوپ کی شدت سے محفوظ رہا جاسکے۔
کراچی گرمی