ماہ رمضان عذابِ جہنم سے نجات کی خوشخبری ہے،علامہ ابوالحسن تقی
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) تحریک نفاذفقہ جعفریہ راولپنڈی ریجن کے صدر علامہ سیدابوالحسن تقی نے کہاہے کہ رمضانُ المبارک نیکیوں کا موسم بہار ، رحمتوں ،برکتوں ،مغفرت کی نوید اور عذابِ جہنم سے نجات کی خوشخبری ہے لہذا بندگانِ الہی پر لازم ہے کہ وہ اس سے عظمت و سعادت کے طلبگار ہوں۔یہ بات انہوں نے دربارعالیہ شاہ پیاراکاظمی میں محفل فضائل ماہ صیام سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نظام عبادت میں روزہ کو مرکزی مقام اور بنیاد ی اہمیت حاصل ہے،جو درحقیقت صبر و ضبط اور تزکیہ نفس کا بہترین مظہر ہے ۔یہ ایک ایسی عبادت ہے جس کا تصور الہامی و غیر الہامی مذاہب کی تاریخ میں ملتا ہے،قرآنِ کریم میں ارشادِ ربانی ہے کہ اے ایمان والوں پر تم روزے فرض کیے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے تاکہ تم پرہیز گار بنو(سورہ بقرہ آیت183)۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی اس ہدایتِ ربانی سے یہ معلوم ہوا کہ روزے کا حقیقی مقصد تقویٰ کا حصول ہے ،تقویٰ و پرہیز گاری اسلامی عبادات کی بنیادی روح ہے۔قرآن کریم اور احادیث نبوی ؐ میں کم و بیش ہر عبادت اور نیک عمل کا بنیادی مقصد تقویٰ ہی کو قراردیا گیا ہے۔خواہشاتِ نفس کی پیروری سے اپنے آپ کو روکنا نفس کے بے لگام گھوڑے کو لگام دینا اور دین کی اتباع میں مصروفِ عمل رہنا روزے کی حقیقی روح ہے جو درحقیقت تقویٰ و پرہیز گاری کے حصول کے بعد ہی ممکن ہے۔انہوں نے باورکرایا کہ رمضان المبارک کا پورا مہینہ خیر و صلاح اور تقویٰ و پرہیزگاری کا منبع ہے جس میں تعمیر شخصیت اور اصلاحِ کردار کا وہ راستہ اپنایا جاسکتا ہے جو اللہ ،رسول ؐ اور پاکیزہ نمائندگانِ الہی کی رضا اور تعلیمات کے عین مطابق ہو۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں بندہِ مومن عبادات اورنیک اعمال کرکے اپنے مالکِ حقیقی کو راضی کرلیتا ہے اوراپنے رب کی رضا حاصل کرتے ہوئے جنت کا حقدار ٹھہرتا ہے اسی لیے خداوندِعالم کا فرمان ہے کہ روزہ میرے لیے ہے میں ہی اسکی جزا دونگا۔انہوں نے کہا کہ جو ماہِ رمضان کی برکتوں سے محروم رہ گئے تو پھر ہر بھلائی سے محروم رہ گئے اور جو بھلائی سے محروم رہ گئے تو وہ محروم رہ جانے کے ہی قابل ہیں۔انہوں نے حکومت سے پرزورمطالبہ کیا کہ وہ رمضان المبارک میں لاء اینڈ آرڈر کو مزید بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کرے،عوام خود بھی چوکنا رہیں ،شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں،ذرائع ابلاغ مشاہیر اسلام کے خصوصی ایام کے موقع پر ایڈیشن شائع کریں اور ملک بھر میں ہونے والے پروگراموں کو بھرپور نیور کوریج دیں۔