ڈی سی ،ڈی پی او چکوال کا سبزی،فروٹ منڈی کادورہ،قیمتوں کاجائزہ
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر غلام صغیرشاہد اور ڈی پی او چودھری ذوالفقار احمد نے ہفت کے روز علی الصبح سبزی اور فروٹ منڈی کا دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران دونوں افسران نے سبزیوں اور پھلوں کی بولی کے طریقہ کار اور تھوک نرخوں کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں سبزی اور پھلوں والی دوکانوں پر بھی گئے۔ڈی سی چکوال نے اس موقع پر سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی اور بولی دہندگان سے،پیاز،آلو،گوبھی ،پالک،سبز مرچ، شلجم ،گاجر ،مولی،ٹماٹر،لیموں ،لہسن ،بھنڈی ،کریلے کے علاوہ پھلوں میں کیلا،سیب،آڑو،خربوزہ ،تربوز کے تھوک ریٹ معلوم کیئے۔ انہوں نے سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ سبزیوں اور پھلوں کے تھوک ریٹ روزانہ کی بنیاد پر کم سے کم مقرر کیئے جائیں تاکہ پرچون کی سطح پر عوام کو اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی سرفراز کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کے تھوک ر یٹس کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے اور ریٹیل پرائس ہرگز نہ بڑھنے دی جائے ۔اس موقع پر ڈی پی او چودھری ذالفقار احمد نے کہا کہ اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ،زخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کوکسی صورت بر داشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق محکمہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اشیاء خور و نوش کو صارفین کی پہنچ میں رکھنے کے لیے پوری طرح مصروف عمل ہے اور اس سلسلے میں تمام تر اقدامات کیئے جا رہے ہیں ۔