اختیارات کا ناجائز استعمال: نواز شریف آج نیب لاہور میں طلب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) رائیونڈ سے جاتی امرا تک سڑک کی مبینہ غیر قانونی تعمیر کے کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو آج پھر طلب کرلیا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 1998 میں رائیونڈ روڈ سے جاتی امرا تک غیر قانونی طور پر سڑک تعمیر کرانے کا الزام ہے۔
نیب نے اس سے قبل 21 اپریل کو نواز شریف کو طلب کیا تھا تاہم لندن میں اہلیہ کی عیادت کی وجہ سے وہ پیش نہ ہوسکے تاہم انہیں آج کےلئے نیب نے طلب کر رکھا ہے جس کےلئے نیب لاہور کی جے آئی ٹی نے جاتی امرا میں طلبی سمن کی تعمیل کرائی۔ نیب کے مطابق نواز شریف نے 1998 میں بطور وزیراعظم اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امرا تک سڑک تعمیر کروائی اور ان کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت میں مزید اضافہ ہوا۔
نیب کے مطابق 17 اپریل 2000 کی تفتیش کے مطابق منصوبے پر 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد کرپشن سامنے آئی جبکہ 2016 تک یہ انکوائری التوا کا شکار رہی اور 2016 کے بعد چیئرمین نیب نے براہ راست کیس کی تحقیقات کا حکم دیا۔ نیب کے مطابق سڑک کی تعمیر کےلئے ضلع کونسل کے کئی منصوبے بند کرائے گئے اور ایک سکول اور ڈسپنسری کا بجٹ بھی سڑک کی تعمیر پر خرچ کیا گیا۔
اس کیس میں موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی نامزد ہیں جب کہ ضلع کونسل، ایل ڈی اے کے افسران اور ٹھیکیدار کو بھی طلب کیا جائے گا اور تفتیش مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔