”ممبئی حملوں پر بیان کے ذریعے نواز شریف نے عالمی طاقتوں کو یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ۔۔۔“ سہیل وڑائچ نے نواز شریف کا ایجنڈا کھول کر بیان کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں پر بیان دے کر اسٹیبلشمنٹ مخالف ووٹ بینک کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے اور ساتھ ہی عالمی طاقتوں کو یہ بتانے کی بھی کوشش کی ہے کہ انہیں کرپشن پر نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے بیانیے سے اختلاف کی سزا دی جارہی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے کہا کہ پاکستان کی پہلی تاریخ میں بیانیے کی بنیاد پر الیکشن ہوتے تھے لیکن اس بار توقع تھی کہ پرفارمنس کی بنیاد پر الیکشن ہوں گے ، سب نارمل چلتا رہتا تو پرفارمنس اور ایجنڈے پر الیکشن ہوتالیکن چونکہ اب صورتحال مختلف ہے تو نواز شریف کو یہ راستہ بہتر نظر آیا کہ وہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ فورسز میں نام لکھواکر ووٹ حاصل کریں ۔
سہیل وڑائچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اینٹی اسٹیبلشمنٹ سمجھا جاتا رہا ہے ، اب چونکہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا خاص حصہ باقی نہیں رہا ہے تو اس لیے نواز شریف نے یہ حصہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ نواز شریف نے ممبئی حملوں پر اپنے متنازعہ بیان کے ذریعے عالمی فورسز کو یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ انہیں کرپشن پر سزا نہیں مل رہی بلکہ اس بیانیے کی سزا مل رہی ہے، انہوں نے اپنے بیان کے ذریعے اینٹی اسٹیبلشمنٹ ووٹ بینک کو بھی قابو کرنے کی کوشش کی ہے۔