مختار مائی کو موٹر سائیکل رکشہ کی ٹکر مارنے کی مبینہ کوشش
جتوئی (ویب ڈیسک) مختار مائی کو مبینہ طور پر موٹر سائیکل رکشہ کی ٹکر مار کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ بال بال بچ گئیں ،ناکامی پر ملزم نے مبینہ طورپر پستول نکال لی ۔
روزنامہ خبریں کے مطابق مختار ویلفیئر سوسائٹی کے چیف آرگنائزر مختار مائی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ صبح میں اپنے سکول کا معائنہ کرنے آرہی تھی اور سکول کی بچیاں بھی سکول آرہی تھیں کہ طارق مستوئی نامی نوجوان نے مجھے رکشہ کی ٹکر مارنے کی کوشش کی تو میں نے اچانک ایک طرف ہو کر اپنی جان بچائی ۔اس دوران اس نے رکشہ روڈ کے درمیان کھڑا کر کے اپنا پسٹل نکال لیا اور دھمکی دی کہ تمہیں علاقہ میں سکول بنانے اور خواتین کو اتنی آزادی دینے کا مزا چکھاﺅں گا اور تمہیں زندہ نہیں چھوڑوںگا جس پر میں نے سکول کی بچیوں کو پکڑا اور سکول میں بھاگ کر داخل ہو کر دروازہ اندر سے بند کر لیا ، پھر اس نے دروازے کو بھی پختہ اینٹیں ماریں ،سکول میں کام کرنے والے مرد حضرات کے آنے پر اپنا رکشہ چھوڑ کر اسلحہ لہراتا ہوا فرار ہوگیا۔
مختار مائی نے مقامی پولیس کو بھی ایک تحریری درخواست دی ، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزم طارق مستوئی کو گرفتار کر لیا۔