ساتھی اراکین کی جانب سے نازیبا الفاظ کااستعمال،مشیر خزانہ بلوچستان ڈاکٹر رقیہ ہاشمی نے استعفی دے دیا
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)مشیر خزانہ بلوچستان رقیہ ہاشمی نے ساتھی اراکین کے ناروا رویے کے خلاف عہدے سے استعفادے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 14مئی کو بجٹ پیش کرنے کی تقریر کے دوران ساتھی اراکین کی جانب سے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر مشیر خزانہ نے احتجاجا مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ڈاکٹر رقیہ نے اپنا استعفی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کو بھجوادیا ہے لیکن حکومتی اراکین کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ وہ اپنا استعفی واپس لے لیں۔رقیہ ہاشمی نے اپنا استعفا وزیراعلی بلوچستان کو بھی ارسال کردیا ہے جس پر 18مئی کی تاریخ درج ہے، یہ استعفا بجٹ پیش کرنے کے 4 روز بعد پیش کیا گیا ہے ،اس سے قبل انہیں منانے کی کوششیں بھی کی گئیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ عہدے سے زیادہ اپنی عزت کو مقدم رکھتی ہیں،دوسری طرف مشیر خزانہ کا استعفا وزیراعلی بلوچستان کو موصول ہوچکا ہے جس کی منظوری کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر رقیہ ہاشمی وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے رواں ماہ 14 مئی کو بلوچستان کا بجٹ پیش کیا تھا