ایک مرتبہ پھر نیب کی تین رکنی ٹیم سابق وزیراعظم نوازشریف کی راہ دیکھتی رہ گئی ، نیب کا ایک اور ریفرنس دائر کرنیکا فیصلہ
لاہور(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف رائےونڈ روڈ کیس میں ایک بار پھر قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش نہ ہوئے جس کے بعد نیب نے ان کیخلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے نوازشریف کو رائے ونڈ روڈ سے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک کی غیر قانونی تعمیر اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں آج طلب کیا تھا تاہم نواز شریف پیش نہیں ہوئے۔
نیب کی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم اتوار کو تعطیل ہونے کے باوجود نواز شریف کا انتظار کرتی رہی لیکن سابق وزیراعظم پیش نہ ہوئے۔ نواز شریف دوسری بار اس مقدمے میں طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے ہیں۔ اس سے قبل نیب نے انہیں 21 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم وہ بیگم کلثوم نواز کے علاج کی غرض سے لندن میں موجودگی کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔
نیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے بطور وزیراعظم 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امرا تک سڑک تعمیر کروائی اور انہی کے حکم پر سڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت بڑھ گئی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔دنیا نیوز کے مطابق نیب کی جانب سے سڑک کو غیر قانونی طور پر چوڑا کرنے کے حوالے سے جواب طلبی کیلئے نواز شریف کو دو بار سمن بھیجے لیکن وہ عدالت حاضر نہیں ہوئے جس کے بعد نیب نے سابق وزیر اعظم کیخلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔