سعودی عرب نے اب فیس بک سے ایسا کام کروانے کا فیصلہ کر لیا کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا، امریکہ میں بھی کھلبلی مچ گئی کیونکہ۔۔۔
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کروڑوں فیس بک صارفین کا ڈیٹا امریکہ کی صدارتی انتخابی مہم میں استعمال کیے جانے کے الزامات سامنے آنے پر فیس بک کی انتظامیہ شدید دباؤ میں تھی۔ اب انہوں نے اپنی کمپنی کو انتخابات پر اثرانداز ہونے اور غلط معلومات پھیلانے میں استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ایک بہت بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔ ویب سائٹ کامن ڈریمز کی رپورٹ کے مطابق فیس بک نے واشنگٹن کے ایک اہم ترین تھنک ٹینک ’اٹلانٹک کونسل‘ کے ساتھ شراکت داری کر لی ہے۔ اس تھنک ٹینک کی مالی معاونت سعودی عرب، بڑی بڑی آئل کمپنیاں، دفاعی کنٹریکٹرز و دیگر حکومتیں اور بڑے عالمی ادارے کر رہے ہیں۔
فیس بک کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’’فیس بک انتخابات اور دیگر بڑے اورحساس مواقع پر اٹلانٹک کونسل کے ڈیجیٹل ریسرچ یونٹ مانیٹرنگ مشنز کا استعمال کرے گا۔ اس سے ہمیں مخصوص جغرافیائی حدود پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد ملے گی اور ہم اس علاقے کے متعلق پھیلائی جا رہی غلط معلومات کو روک سکیں گے اور اس ملک کے معاملات میں بیرونی مداخلت کا بھی نگرانی کر سکیں گے۔ اس کے ذریعے ہم اس ملک کے شہریوں کومختلف موضوعات پر آگہی بھی دینے کے قابل ہو جائیں گے۔‘‘ رپورٹ کے مطابق فیس بک کے اس اقدام پر شدید تنقید بھی سامنے آنے لگی ہے۔ معروف صحافی رانیا خالق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’’یہ صورتحال بہت پریشان کن ہے۔ تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل، جسے خلیجی بادشاہتیں، مغربی حکومتیں، نیٹواور تیل و ہتھیار بنانے والے کمپنیاں مالی معاونت فراہم کر رہی ہیں، اب وہ غلط معلومات کو روکنے میں فیس بک کی مدد کرے گا اور غلط معلومات وہی ہوں گی جسے اٹلانٹک کونسل کو مالی معاونت دینے والے غلط قرار دیں گے۔‘‘