پاکستان کشمیریوں کا وکیل لیکن حکومت کو معلوم ہی نہیں کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے؟نیٹو ممالک کو افغانستان سے بھی بدترین شکست بیت المقدس میں ہو گی:حافظ محمد سعید
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے لیکن حکومت کو معلوم ہی نہیں کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے؟حکمرانوں نے بیرونی قوتوں کے دباؤ کی وجہ سے ملک کو غلامی میں دھکیل رکھا ہے،بھارتی آرمی چیف نے کشمیر میں اپنی شکست کا اعتراف کرلیا، کشمیریوں کے لیے مایوسی کی کوئی بات نہیں، کامیابی مسلمانوں کا مقدر بنے گی، اللہ تعالیٰ حالات مسلمانوں کے حق میں بہتر کر رہا ہے،اسلام دشمن ملک مسلمانوں کی قربانیوں سے خوفزدہ ہیں، مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی مسلمانوں کی بیداری روکنے کے لیے ہے،ان حالات میں ہمیں اپنے کردار کا تعین کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سخی حسن چورنگی کراچی میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئےحافظ محمد سعید نے کہا کہ محمد بن قاسمؒ سے شہاب الدین غوریؒ تک، برصغیر کے لیے بڑی قربانیاں دی گئیں، کشمیر میں قربانیوں سے برصغیر کا نقشہ پھر بدل جائے گا، آج مسلمان اپنے قدموں پر کھڑے ہوکر آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ مسلمان حکمران اور حکومتیں غلام بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ بیت المقدس میں جتنے مسلمان شہید ہورہے ہیں کل ان کی اولادیں یہودیوں اور صلیبیوں سے بدلہ لیں گی، نیٹو ممالک کو افغانستان میں جس طرح شکست ہوئی اس سے زیادہ بری شکست انہیں بیت المقدس میں ہوگی، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ سارے نظام ایک طرف اور مسلمان ایک طرف کھڑے ہیں،عالم اسلام کے مسلمانوں میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ آج وقت آگیا ہے کہ مسلمان متحد ہوکر اپنے مسائل خود حل کریں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر میں شہداءکی قربانیوں سے منظر نامہ بدل رہا ہے۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان کشمیر میں بھارتی شکست کا اعتراف ہے۔ غلامی کی سیاہ رات ان شاءاللہ جلد ختم ہوگی،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے کردار کا تعین کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کشمیریوں کی بھرپور وکالت کرنی چاہیے تاہم افسوسناک بات یہ ہے کہ حکمران کشمیر کے حالات کو سمجھ ہی نہیں رہے،ہماری حکومتیں امریکا کی غلامی میں ہیں، ان حالات میں اگر کشمیریوں کا ساتھ نہ دیا گیا تو پاکستان کے لیے بہت زیادہ مسائل کھڑے ہوں گے، بھارت متنازع ڈیموں کے ذریعے پاکستان کا ستر فیصد پانی روک چکا ہے،ہماری زرعی زمینیں بنجر ہوچکی ہیں اور انڈیا ہمارے ہی پانی سے بجلی اور زراعت میں اضافہ کر رہا ہے، ہمارے حکمرانوں کو بیرونی قوتوں کے اشاروں پر چلنے کے بجائے ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے، آزاد پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے،دنیائے اسلام کے مسائل بھی آزاد پاکستان سے حل ہوں گے۔