وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی امریکی ریاست میں جاں بحق ہونے والی سبیکا کے گھر آمد
کراچی (ڈیلی پاکستان آ ن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا کے گھر گئے اور ان کے والد سے اظہار تعزیت کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے دورے کراچی میں امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا کے گھر گئے اور ان کے والد سے اظہار تعزیت کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سبیکا پاکستان کی ہونہار طالبہ تھی، پوری قوم ان کی افسوس ناک موت پر سوگوار ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یا خطے کا نہیں بلکہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، مسئلے پر قابو پانے کے لیے ان کے اسباب کے تدارک کی ضرورت ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
خیال رہے17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ سٹڈی سکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔