کویتی سرکاری ٹی وی کی پیش کاراپنے مرد ساتھی کوآن ایئر ’’ خوبرو‘‘کہنے پر معطل
کویت سٹی(این این آئی)کویت کی وزارت اطلاعات نے سرکاری ٹی وی کی ایک پیش کار کو اپنے ساتھی مرد کو براہ راست نشریات کے دوران میں ’’خوبرو‘‘ کہنے پر معطل کردیا ہے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت کے ایک رکن پارلیمان محمد ہایف نے کویت ٹی وی چینل کی ایک پیش کار باسمہ الشمار کے بارے میں وزارت کو یہ شکایت کی تھی کہ انھوں نے ملک میں منعقدہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کی براہ راست کوریج کے دوران میں اپنے ایک مرد ساتھی پیش کار کو خوبرو اور چاق چوبند کہا تھا۔اس شکایت پر وزارت نے بسمہ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،کویت میں سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔اس میں خاتون پیش کار اپنے مرد ساتھی نواف الشراکی کو خبردار کرنے کی کوشش کررہی ہیں کہ وہ آن ائیر ہیں۔ اس وقت وہ اپنے روایتی سرپوش کو درست کرنے کی کوشش کررہے تھے۔اس خاتون کے الفاظ یہ تھے نواف آپ کو اپنا سرپوش درست کرنے کی ضرورت نہیں ،آپ تو پہلے خوب صورت ہیں ۔
دوسری جانب نواف الشراکی نے وضاحت کی ہے کہ وزارتِ اطلاعات نے ان کی ساتھی پیش کار کو زبانی طور پر معطلی کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔انھوں نے اپنی ساتھی خاتون کی پیشہ ورانہ لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے لفظ خوبرو نہیں سنا تھا اور اسی لیے انھوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا تھا۔