بھارتی عدالت نے مادھوری گپتا کو اہم ہندوستانی راز پاکستان کو فراہم کرنے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنادی

بھارتی عدالت نے مادھوری گپتا کو اہم ہندوستانی راز پاکستان کو فراہم کرنے کے ...
بھارتی عدالت نے مادھوری گپتا کو اہم ہندوستانی راز پاکستان کو فراہم کرنے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہندوستانی عدالت نے سابق سفارت کار مادھوری گپتا کو اہم ہندوستانی راز اور معلومات پاکستانی خفیہ ادارے کو فراہم کرنے کے الزام میں مجرم قرار دیتے ہوئے  تین سال قید کی سزا سنادی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی عدالت نے پاکستان میں تعینات سابق بھارتی سفارت کار مادھوری گپتا کو اہم معلومات پاکستانی خفیہ ایجنسی کے دو اہلکاروں کو فراہم کرنے کے الزام میں آئین کے سیکشن 3 کی دفعہ 1 سی اور سیکشن 5 کے تحت تین سال قید کی سزا سنا دی ہے، یہ اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا ہے،گزشتہ روز عدالت نے اسی قانون کے تحت خاتون سفارت کار کو مجرم قرار دے دیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں سابق خاتون سفارت کار کو اہم معلومات پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو ای میل کے ذریعے فراہم کرنے پر مجرم قرار دیا  تاہم عدالت کا کہنا تھا کہ یہ معلومات ملکی دفاع اور سلامتی سے متعلق نہیں تھیں اس لیے ملزمہ پر جاسوسی کی دفعات کے تحت مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا تاہم اہم معلومات کی فراہمی سے سفارت کار کے دوسرے اہلکاروں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔واضح رہے اسلام آباد میں واقع بھارتی سفارت خانے میں سیکنڈ سیکریٹری پریس و انفارمیشن کے فرائض انجام دینے والی خاتون سفارت کار مادھوری گپتا کو 22 اپریل 2010ء کو حراست میں لیا گیا تھا، ان پر پاکستانی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں مبشر رانا اور جمشید کو ای میل کے ذریعے اہم ملکی معلومات فراہم کرنے کے الزامات تھے ۔