افغان صوبے فراہ میں لڑائی، سیکڑوں تعلیمی ادارے بندکرنے کااعلان
کابل(این این آئی)افغانستان کے صوبے فراہ میں سلامتی کی صورت حال انتہائی مخدوش ہو چکی ہے۔ طالبان کی پسپائی اور پھر حملے کے بعد عام شہریوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقلی شروع کر دی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کے مغربی صوبے فراہ کی صوبائی حکومت نے سینکڑوں سکولوں کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ اسکولوں کی بندش کی وجہ طالبان عسکریت پسندوں کی حکومتی فوج کے ساتھ شدید لڑائی کا سلسلہ ہے۔ طالبان شدت پسند فراہ صوبے کے اسی نام کے دارالحکومت پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اس صوبے میں گزشتہ کئی ماہ سے سلامتی کی صورت حال بہت زیادہ خراب ہو چکی ہے۔صوبائی حکومت کے اعلان کے مطابق بند کیے جانے والے تعلیمی اداروں کی تعداد 411 بتائی گئی ہے، اس میں 379 پرائمری اسکول ہیں جبکہ 32 ہائر سیکنڈری سکول ہیں، ان کے علاوہ اساتذہ کی تربیت کا ایک مرکز بھی بند کر دیا گیا ہے۔ ان سکولوں کی بندش سے ایک لاکھ 40ہزار طلبا متاثر ہوئے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان فراہ صوبے کے محکمہ تعلیم کی جانب سے کیا گیا ہے ۔