قدیم اسلامک آرٹ کی نمائش اور فورم کا اہتمام
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ عبدالعزیز سنٹر فار نیشنل ڈائیلاگ میں اپنی نوعیت کی پہلی قدیم اسلامک آرٹ کی نمائش اور فورم کا اہتمام کیا گیا جس میں سعودی عمائدین مختلف ملکوں کے سفراء اور شائقین آرٹ نے بھرپور شرکت کی۔
لیگیسی Legacy اسلامک آرٹ کے زیراہتمام منعقدہ نمائش کے کیوریٹر Curator فیصل السعدوی کا کہنا تھا کہ اس نمائندہ نمائش میں پوری دنیا سے 7ویں صدی عیسوی سے لے کر 17ویں صدی عیسوی تک کے تقریبا" 200 قیمیتی نوادرات اور آرٹ کے فن پارے رکھے گئے ہیں، جن میں قدیم برتن، ملبوسات، زیورات، قدیم اسلحہ اور دیگر اہم اشیاء شامل ہیں خاص طور پر تقریبا" 150برس قدیم اور انمول کسوہ غلاف کعبہ جو کہ بھوپال کی مہارانی سے خریدا گیا ہے اس نمائش کا حصہ ہے۔
نمائش میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نمائش کی آرگنائزر صائمہ عزیز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قدیم اسلامک آرٹ کے حوالے سے یہ نمائش انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کا مقصد صرف اور صرف اسلامک آرٹ ورک کو دنیا کے سامنے لانا ھے، فورم میں انٹرنیشنل اسلامک آرٹ ایکسپرٹ جینیفر سکارسے، روبورٹ الگود اور جینیفر ویئرڈن نے بھی خطاب کیا جبکہ نمائش میں تشریف لانے والے دنیا بھر کے سفراء نے بھی نمائش کو خوب سراہا۔