”کچھ دن پہلے وہاب ریاض کی باؤلنگ دیکھی تو شرم آ گئی“ سکندر بخت نے فاسٹ باؤلر کو کہاں دیکھا ؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے وہاب ریاض کی ٹیم میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹرن لینا لیڈر ہونے کی نشانی ہے تو کرکٹ بورڈ نے بھی یوٹرن لے لیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت نے کہا کہ اب تو حکومت بھی کہہ چکی ہے کہ جو یوٹرن نہیں لیتا وہ بے وقوف ہوتا ہے لیکن سمارٹ آدمی یوٹرن ضرور لیتا ہے،لہٰذا سلیکٹرز بھی اپنے فیصلوں پر یوٹرن لے لیں تو اس میں پریشانی کیا ہے، یہ تو آج کل ٹرینڈ ہے، وہاب ریاض کافی عرصہ ٹیم سے دور رہے لیکن اب اگر سلیکٹرز کو عقل آ گئی ہے اور وہ اپنی غلطی سدھارنا چاہتے ہیں تو سدھارنے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ روز قبل وہاب ریاض معین خان کرکٹ اکیڈمی میں ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل رہے تھے اور سوئی گیس کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے جس طرح کی باﺅلنگ کی، میں شرمندہ ہو رہا تھا۔ وہاب ریاض نے ہر اوور میں دو سے تین باﺅنسرز کرائے اور آخری اوور میں بھی ایسا ہی کچھ کیا اور چھکے کھائے، وہاب ریاض کی باﺅلنگ رفتار بھلے ہی کافی اچھی ہے مگر ان کی باﺅلنگ کا معیار ون ڈے کے مطابق نہیں، معلوم نہیں سلیکٹرز اتنا بڑا فیصلہ کیسے کر رہے ہیں۔