سعودی عرب پر میزائل حملے کی کوشش
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) یمن سے سعودی عرب پر دو میزائلوں سے حملے کی کوشش کی گئی لیکن سعودی عرب کی ایئر ڈیفنس فورس نے میزائل فضا میں ناکارہ بنا کر مکہ المکرمہ اور جدہ شہروں کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
العربیہ کے مطابق ایک میزائل کو سعودی شہر طائف کی فضائی حدود میں تباہ کیا گیا، میزائل کا ہدف مکہ المکرمہ تھا جبکہ عینی شاہدین کے مطابق دوسرا میزائل جدہ کی فضائی حدود میں ناکارہ بنایا گیا۔ اس ضمن میں سعودی عرب حکومت کے رسمی بیان کا انتظار ہے، جو کسی بھی وقت جاری کیا جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ یمن میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے پہلی مرتبہ مکہ المکرمہ کو نشانہ بنانے کی جسارت نہیں کی۔ اس سے قبل جولائی 2017 کو بھی ایسی ناپاک جسارت کی گئی تھی، تاہم وہ بھی ناکام بنا دی گئی تھی۔