شارجہ میں مقیم کروڑ پتی پاکستانی جس کو بھارتی شہری نے لوٹ لیا، اور اب وہ مزدوری کر کے گھر چلانے پر مجبور ہوگیا

شارجہ میں مقیم کروڑ پتی پاکستانی جس کو بھارتی شہری نے لوٹ لیا، اور اب وہ ...
شارجہ میں مقیم کروڑ پتی پاکستانی جس کو بھارتی شہری نے لوٹ لیا، اور اب وہ مزدوری کر کے گھر چلانے پر مجبور ہوگیا

  

شارجہ(مانیٹرنگ ڈیسک) شارجہ میں مقیم ایک کروڑ پتی پاکستانی کو بھارتی نوسرباز نے لوٹ کر کنگال کر دیا ہے، جو اب محنت مزدوری کرکے گھر چلانے پر مجبور ہو چکا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق اس شخص کا نام اصغر حسین ہے جو 2008ءتک خوشحالی کی زندگی گزار رہا تھا۔ 2008ءمیں ایک بھارتی نوسرباز نے اس کے جعلی دستخط تیار کیے اور ان کے ذریعے لیگل کمپنی کے جعلی کاغذات تیار کروا لیے اور اس کے 5لاکھ درہم (تقریباً 2کروڑ روپے)لوٹ کر متحدہ عرب امارات سے فرار ہو کر بھارت چلا گیا۔

اس واردات کے بعد اصغر حسین کے لیے کاروبار سنبھالنا اور قرض اتارنا مشکل ہو گیا اور 2013ءتک اس کا دیوالیہ نکل گیا۔ اب وہ اپنی بیوی اور 4بچوں ، تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کے ہمراہ کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے۔ اس کے بچوں کی عمریں 15سے 23سال کے درمیان ہیں۔ اس کے بچے گزشتہ 5سال سے سکول نہیں گئے۔ اب ان کے پاس اماراتی ویزے اور آئی ڈی بھی نہیں ہیں کیونکہ ان کی مدت ختم ہو چکی ہے اور تجدید کے لیے اصغر حسین کے پاس پیسے نہیں ہیں۔اس دوران پاکستان میں اصغر حسین کی والدہ کا انتقال بھی ہوا اور وہ ویزے کی مدت ختم ہونے کی وجہ سے پاکستان نہیں آ سکا تھا۔شارجہ کی عدالت میں مجرم کو اس کی عدم موجودگی میں ہی پانچ سال قید اور ملک بدری کی سزا سنائی ہے لیکن وہ واردات کے بعد سے بھارت میں موجود ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اصغر حسین کا تعلق لاہور سے ہے۔

مزید : عرب دنیا